Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 فروری 2020 08:18am

نواز شریف، مریم نواز کیخلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی

لاہور:احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کیخلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت تیس مارچ تک ملتوی کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس حاضری کیلئے عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ مریم نواز کی جانب سے ان کے معاون سلمان سرور عدالت پہنچے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق استفسار کیا،جس پرنیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جلد دائر کردیا جائے گا۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت مزید کارروائی کیلئے 30مارچ تک ملتوی کردی۔

اس کیس میں گرفتار مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی اکتوبر اور مریم نواز کی نومبر میں لاہور ہائی کورٹ سے درخواست ضمانت منظور ہوئی تھی جبکہ یوسف عباس کی درخواست ضمانت دس روز قبل 18 فروری کو منظور کی گئی تھی۔

Read Comments