کراچی کےمختلف علاقوں میں بجلی بحال ہونا شروع

شائع 11 مارچ 2016 07:52am

کراچی:تین گھنٹے بندش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے ، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی بندش سے شہر کو آٹھ کروڑ گیلن سے زائد پانی سپلائی نہ ہو سکا۔

ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں کو صبح سات بجے منقطع ہونے والی بجلی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے ، ٹرپنگ کے باعث ضلع شرقی ، ملیر ، وسطی اور جنوبی کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی ۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق مین ہائی ٹینشن لائن میں خرابی کے باعث شہر کے اٹھارہ سے زائد گرڈ ز کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی تھی ، جسے بتدریج بحال کیا جا رہا ہے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بھی تین گھنٹے بند رہنے کے بعد بحال کر دی گئی ، بجلی معطل ہونے کے باعث شہر کو آٹھ کروڑ بیس لاکھ گیلن پانی کی فراہمی نا ہو سکی۔

Read Comments