Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
وزیراعظم کی زیرصدارت ریلوے کی تنظیم نو،ریلوے معاملات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیرریلوے نےحالیہ ٹرین حادثات اوراس کی وجوہات سےمتعلق رپورٹ پیش کی۔وزیرِاعظم نے کہا کہ ریلویزکو فعال اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے جامع پلان تشکیل دیا جائے۔
وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت ریلوے کی تنظیم نو اور ریلوے سے متعلقہ معاملات کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں ریلوے سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ ریلوےشیخ رشید نے موجودہ دور میں ریلوے کے خسارہ میں کمی لانے، مسافر کوچز کی تعداد میں اضافے، ریلوے ٹریک کی بہتری، مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے، ریلوے کے شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اب تک کی جانے والی اصلاحات پر تفصیلی بریف کیا۔
اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ریلوے کی ترقی نہایت ضروری ہے۔ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ریلوے کو جدید خطوط پر استوارکرتے ہوئے اسے منافع بخش اور فعال ادارہ بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ریلوے کے حوالے سے جانی نقصانات قابل تشویش ہیں اور اس ضمن میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو فعال اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ادارے کی تنظیم نو کی ضرورت ہے اس حوالے سے مشیراصلاحات کی مشاورت سے ایک جامع پلان تشکیل دیا جائے۔