وزیراعظم کا 25ہزار سے کم آمدنی والے افراد کے لئے ایک اور بڑا فیصلہ

شائع 02 مارچ 2020 03:31pm

وزیراعظم نےکم آمدنی والے افراد کے لئے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا۔عمران خان کہتے ہیں 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو راشن کی خریداری میں حکومت معاونت کرے گی۔حکومت آٹا چینی دال اور گھی کی خریداری میں مدد کرے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت کم آمدنی والے طبقے کوریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیراصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، نے شرکت کی۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ  ڈاکٹر ثانیہ نشتر،  سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین و دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئےاجلاس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کم آمدنی والے طبقوں کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق تجاویز وزیرِاعظم کو پیش کی گئیں۔

معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو ملک بھر میں جاری غربت کے ازسر نو سروے کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نےکہا کہ کم آمدنی والے طبقوں کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے جو موجودہ حکومت نے اٹھائی ہے۔کم آمدنی والے طبقوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنانے کے لئے حکومت ہر ممکنہ کوشش  کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزورطبقوں کوبنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورنیٹ ورک کے ذریعے معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ ایسے افراد اور خاندانوں کو آٹا، گھی، چینی اور دالوں جیسی روزمرہ کی بنیادی اشیائے ضروریہ کے حصول میں آسانی میسر آئے۔

وزیرِ اعظم نےہدایت کی کہ کم آمدنی والےطبقے کو مزید ریلیف کی فراہمی کے لئے پیش کی جانے والی تجاویزپرتفصیلی غورکیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویزپرعمل درآمد ممکن بنایا جاسکے۔پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام حکومت کی جانب سے کمزورطبقے کی معاونت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔ بے سہار ا اور کمزور طبقوں کی معاونت کے لئے نجی شعبے اور مخیر حضرات کی حکومت کے  ساتھ پارٹنرشپ قابل تحسین ہے۔

Read Comments