'توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی ومالی مسائل ورثے میں ملے ہیں'

شائع 05 مارچ 2020 06:07pm

وزیراعظم نے وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن سے متعلقہ مسائل کے حل کےلئے ایمرجنسی پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کر دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی ومالی مسائل ورثے میں ملے ہیں۔

وزیراعظم  کی زیر صدارت ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کےلئے  اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔

وزارت پیٹرولیم اور توانائی کی جانب سے گزشتہ 18 ماہ میں ذیلی اداروں میں انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات،  محصولات میں اضافے اور ان اداروں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے ضمن میں لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

شرکاء کو وزارت توانائی اور پیٹرولیم کو درپیش مسائل اور ان کے حل کےلئے زیر غورتجاویز پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ وزارتوں میں  پالیسی ،  ریگولیشن،عمل درآمد، مالی اور انتظامی امور سےمتعلقہ معاملات  متعلقہ شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کے سپرد کیے جائیں تاکہ ہر عہدیدار اپنے  دائرہ کارمیں بہتر طریقے سے ذمہ داریاں سر انجام دے سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں درپیش  مسائل پرقابو پانے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں ۔ توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی ومالی مسائل ورثے میں ملے ہیں۔

وزیر اعظم نے وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ایمرجنسی پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔

Read Comments