افغانستان: خودکش حملہ،27 ہلاک، کرزئی بال بال بچ گئے
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تقریب پر خود کش حملے میں ستائیس افراد ہلاک ہوگئے۔
حملے میں اہم سیاسی رہنما عبد اللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی بال بال بچ گئے۔ طالبان نے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
کابل میں حزب وحدت پارٹی کے سربراہ عبد العلی مزاری کی برسی تقریب جاری تھی کہ پہلے فائرنگ کی آواز آئیں پھر دھماکا ہوگیا۔
اسٹیج پر موجود حکومتی حکام، افغانستان کے سابق چیف ایگزیکیٹو عبد اللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی حملے میں بال بال بچ گئے۔
افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خود کش حملے میں 27 افراد ہلاک ہوئے اور 29 زخمی ہیں۔
افغان صدر اشرف غنی نے خود کش حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے واقعے کی پر زور مذمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن معاہدے کے بعد سے پُر تشدد کارروائیاں تھم جانا چاہیئے لیکن شر پسند امن پر آمادہ نظر نہیں آتے۔
تاحال کسی شدت پسند جماعت نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جب کہ طالبان کی جانب سے جاری بیان میں بھی حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا ہے۔