Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے خواتین کیلئے محفوظ اور خوشحال زندگی کیلئے بھرپور اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے عزم کے اعادہ کا دن ہے ، ہمارا مذہب خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے ، ہمارے پیغمبر نے بھی خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیا ہے ، ہماری خواتین قومی و بین الاقوامی سطح پر زندگی کے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں، پاکستانی خواتین کی شاندار کامیابیاں ہمارے لئے حوصلہ افزا ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کئے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی ، خواتین کیلئے محفوظ اور خوشحال زندگی کیلئے بھرپور اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہماری خواتین ہر شعبے میں کام کررہی ہیں ،ہماری خواتین ہر شعبے میں قومی اور عالمی سطح پر پزیرائی بھی حاصل کررہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرا یقین ہے پائیدار سماجی معاشی ترقی کا عمل خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کرسکتا ہے، ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔