کرونا وائرس کے متعلق آگاہی کے نام پر ہیکرز لوگوں کی ذاتی معلومات چُرانے لگے

شائع 09 مارچ 2020 02:16pm

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق بعض ہیکرز نے کرونا وائرس کے سبب دنیا کی اکثر آبادی کو درپیش بوکھلاہٹ اور پریشانی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے انٹرنیٹ صارفین کی ذاتی معلومات چرانے کے واسطے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ہیکرز کی جانب سے حالیہ عرصے میں لوگوں کو Malicious سافٹ ویئرز کی حامل ای میلز بھیجی جا رہی ہیں۔ ان ای میلز کو کرونا وائرس کے بارے میں آگاہی اور اہم معلومات کا عنوان دے کر ارسال کیا جاتا ہے۔

جاپان میں سامنے آنے والی ان ای میلز میں دعوی کیا گیا کہ کرونا وائرس پورے ملک میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکا ہے۔ ای میل میں پڑھنے والے پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ مزید معلومات کےلئے ای میل کے ساتھ منسلک فائل کھول لیں۔ یہ منسلک فائلز ہیکرز کو اپنے شکار کے کمپیوٹر تک رسائی دے دیتی ہیں۔ اس طرح ہیکرز اپنے شکار کی ذاتی معلومات چُرانے اور اس کے کمپیوٹر کو کسی وائرس سے متاثر کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی سے متعلق دو کمپنیوں IBM X-Force اور Kasperky کے ماہرین مذکورہ نوعیت کی متعدد ای میلز کو روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے نظر آتا ہے کہ یہ ای میلز جاپان میں معذور افراد کےلئے دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے والے ایک ادارے کے واسطے سے بھیجی گئیں۔ ان ای میلز کی صداقت میں اضافے کےلئے ہیکرزنے پیغام کے اختتام پر ادارے کے عہدے دار کے دستخط ، ای میل ایڈریس اور ٹیلی فون اور فیکس نمبر بھی تحریر کیے ہیں۔

اس سلسلے میں Kaspersky کمپنی کے تجزیہ کار اینٹن ایوانوف کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس نوعیت کی صرف دس ای میلز کا پتہ چلایا جا سکا ہے تاہم معاملے کی حساسیت کی بنا پر ان ای میلز کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ متوقع ہے۔

ایوانوف نے مزید کہا کہ جیسا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اپنی صحت اور زندگی کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔ لہذا ہیکرز کی جانب سے لوگوں کو کرونا وائرس کے خطرات سے بچنے کے طریقہ کار پر مشتمل معلومات کے نام سے ،Maliciousسافٹ ویئرز کی حامل ای میلز بھیجے جانے میں بھی اضافہ ہو گا۔

Read Comments