'شہباز شریف کا بڑا احترام ہے،بتایا جائے کہ وہ کب واپس آئیں گے'

شائع 09 مارچ 2020 05:18pm

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آٹا اورچینی بحران کی تحقیقات سے ایوان کوجلد آگاہ کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خواجہ آصف کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آٹا اورچینی بحران کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔حتمی رپورٹ جلد سامنے آئے گی،یہ عوامی اہمیت کا مسئلہ ہے۔ ایوان کو حقائق سے آگاہ کیا جانا چاہیئے۔

نکتہ اعتراض پرخواجہ آصف نے کہا کہ ہندوستان بالخصوص کشمیر کی صورتحال پر فوری بحث ہونی چاہیئے۔ چینی اور آٹا بحران پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ اس معاملے کی اداروں کی بجائے پارلیمنٹ کو خود تحقیقات کرنی چاہیئے۔ عوامی مسائل کو حل کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹریٹ کے آفیسر مینجمنٹ گروپ کے ملازمین احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ آصف اپوزیشن لیڈر بننا چاہتے ہیں لیکن وہ اپوزیشن لیڈر نہیں ہیں۔ شہباز شریف کا بڑا احترام ہے۔بتایا جائے کہ وہ کب واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحافی عزیز میمن کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ سندھ پولیس نے تفتیش کئے بغیر ان کی موت طبعی قرار دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات سے پہلے آفیسرز مینجمنٹ گروپ سے مشاورت کی گئی تاہم ان کی شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وزراءکوہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کی بات نہیں کی سابق حکومت نے کابینہ کے چند اجلاس بلائے۔اس وقت کابینہ کا وجود ہی نہیں تھا۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس ہفتے ملک میں 121 جعلی خبریں آئیں۔ ایوان میں جھوٹ بولنے والے کی سزا کیا ہے۔ جھوٹ بولنے والوں کو وزیراعظم کا بیان ثابت کرنا ہوگا ورنہ وہ ایوان سے معافی مانگیں۔

Read Comments