جنوبی پنجاب صوبے کا بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،وزیرخارجہ

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2020 10:53am

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائےگا، بل پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی،اس تاریخی بل کو پیش کرنے اوراعتماد سازی میں کچھ وقت لگے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت جنوبی پنجاب کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا،جس میں وزیراعلی پنجاب ،جہانگیرترین سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی وصوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی اوردیگرحکام نے شرکت کی، جنوبی پنجاب کوصوبہ اورسیکریٹریٹ بنانے کے کام کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اوروزیراطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ جنوبی پنجاب کے وعدے پرموثرقدم اٹھایا ہے ، پنجاب اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا ،صوبہ کیلئے ساڑھے 3ارب روپے درکارہوں گے، جنوبی پنجاب کیلئے35 فیصد فنڈ مختص ہوں گے۔

 شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ صوبہ بننے پر این ایف سی میں حصہ، وفاق اورسینٹ میں نمائندگی کے ساتھ ساتھ تمام لوازمات حاصل ہوں گی ،جنوبی پنجاب بینظیربھٹوشہید کی سوچ تھی بلاول حکومت کا ساتھ آواز ملائیں ، ن لیگ دوتہائی اکثریت رکھتے ہوئے جنوبی پنجاب کا صوبہ نہ بنا پائی ۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ صوبائی دارلحکومت کے حوالے سے جنوبی پنجاب کی منتخب حکومت ہی فیصلہ کرے گی،جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں تمام ممبران اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے خاتمے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہاکہ سیکریٹریٹ کیلئے ساڑھے 3ارب اور ساڑھے 13سو اضافی آسامیاں درکار ہیں ،وفاق اور سینٹ میں نمائندگی ، این ایف سی میں حصہ ملے گا ، یہ بینظیر بھٹو کی سوچ تھی ، بلاول آواز بنیں ۔

Read Comments