دنیا کورونا سے ،حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے،شہباز شریف

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2020 10:10am

اسلام آباد:قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کیلئے قومی حکمت عملی کی تیاری میں بہت تاخیر کی گئی، دنیا کورونا اور معیشت کی بدحالی سے لڑ رہی ہے، ہماری حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا ایک علامت ہے، عالمی سطح پر بڑھتے معاشی خطرات کو مدنظر رکھ کر مجموعی قومی پالیسی درکار ہے، کورونا اور عالمی سطح پر معاشی مضرات میں حکومت نے وہی غلطی کی جو ڈالر اور روپے کی قدر سے متعلق کی، پاکستان کی سٹاک ایکسچینج اب تک 10 فیصد پہلے ہی گر چکی ہے، آنکھیں نہ کھولیں توناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

شہباز شریف نے حکومت پر کوروناوائرس سے نمٹنے میں سستی کا الزام لگا دیا، کہا کہ صورتحال مزید بگڑنے پر اب حکومت ہاتھ پاؤں ماررہی ہے، کورونا پر وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر لوگ توجہ دلاتے رہے، عمران نیازی کی آنکھ نہ کھلی،  عقل کل ہونے کے خبط سے نکل کر دل اور ذہن کی کھڑکیاں کھولیں، قوم اور ملک کی صحت سے نہ کھیلیں،حکومت نے آنکھیں نہ کھولیں تو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

قائد حزب اختلاف کا مزیدکہنا تھا کہ دنیا کورونا اور معیشت کی بدحالی سے لڑ رہی ہے جبکہ ہماری حکومت میڈیا اور اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔

Read Comments