سندھ حکومت کے وزراء کی مختلف مکاتبِ فکر کے علما سے ملاقاتیں

شائع 15 مارچ 2020 04:01pm

سندھ حکومت کے وزرانے مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام سے ملاقاتیں کیں۔حکومت کے کرونا وائرس کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

سید ناصر حسین اور سعید غنی نے معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان، مولانا بشیر فاروقی اور دعوت اسلامی کراچی کی رابطہ مجلس کے اراکین شامل تھے۔

مفتی منیب الرحمان سے دارالعلوم نعیمیہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے لئے جانے والے فیصلوں سے مفتی منیب الرحمان کو تفصیلاََ آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قائم کردہ ٹاسک فورس سے فیصلوں کے نتیجے میں صوبے کے تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ مدارس کےلئے بھی یہی احکامات ہیں۔

مفتی منیب الرحمان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نہ صرف سندھ حکومت کے فیصلوں کی تائید کی بلکہ صوبائی وزراءکو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے فیصلے کے مطابق تمام مدارس میں درس و تدریس معطل کردی گئی ہے۔

مفتی منیب الرحمان نے دعا کی کہ سندھ حکومت کی کوشش کامیاب ہوں اور نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورا ملک اس وبا سے محفوظ رہے۔

دعوت اسلامی کے مجلس رابطہ کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مولانا الیاس قادری صاحب ایک ویڈیو بیان جاری کریں جس میں عوام کو حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ ایڈوائزری سے متعلق آگاہی دیں۔

Read Comments