'حکومت کرونا وائرس کے معاملے کی سنگینی سے مکمل طور پر آگاہ ہے'

شائع 16 مارچ 2020 05:05pm

وزیراعظم عمران خان نےکہاہے کہ حکومت کرونا وائرس کے معاملے کی سنگینی سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی خاطر اقدامات کرنے کےلئے تشکیل دی گئی قومی رابطہ کمیٹی کےاجلاس سےخطاب کرتےہوئےکہاکہ عوام کو اس مسئلے کی سنگینی اور وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے سلسلے میں آگاہ رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگ رضاکارانہ بنیادوں پر پیشگی حفاظتی اقدامات اختیار کر کے اس وائرس سے بچ سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس معاملے پر جلد قوم سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ صورتحال سے نمٹنے کےلئے قومی سطح پر ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں اور اس وائرس سے اجتماعی طور پر نمٹنا چاہئے۔

اجلاس میں کرونا وائرس کے بارے میں قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد پر تفصیلی غور کیا گیا۔

صوبائی وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریوں نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وزرائے اعلیٰ نے اپنے متعلقہ صوبوں میں کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق تجاویز پیش کیں اور وائرس کی روک تھام کےلئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

Read Comments