خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2020 10:46am

پشاور:خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی، تمام افراد کو قرنطینہ ڈی آئی خان منتقل کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 تک جاپہنچی، ایک نیا کیس ایبٹ آباد سے سامنے آیا ہے، تمام متاثرہ افراد کو قرنطینہ ڈی آئی خان منتقل کیا جائے گاجبکہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے متاثرہ افراد کو مفت راشن فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

گزشتہ روز مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 1000 بیڈز اور 200 سے زائد اسپتال تیار کیے گئے ہیں جبکہ تفتان سے ڈی آئی خان میں 225 زائرین آرہے ہیں جن کے لئے گومل میڈیکل کالج میں قرنطینہ سنٹر بنایا گیا ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمود خان نے صوبے میں قیدیوں کی سزا میں بھی 2 ماہ کی کمی کردی ہے ،دہشتگردی میں ملوث افراد پر اطلاق نہیں ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ بلدیات نے یکم اپریل تک خواتین ملازمین کو چُھٹیاں دے دی ہیں،آج سے محکمہ بلدیات کی خواتین دفتر نہیں جارہی۔

Read Comments