پنجاب حکومت کی شہریوں کو دوروز کےلئے گھروں میں رہنے کی ہدایت

شائع 21 مارچ 2020 05:17pm

 کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے پنجاب حکومت نے دو روز کےلئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی۔ میڈیکل و جنرل سٹورز سمیت کھانے پینے کی دکانیں کھلی رہیں گی۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 137 تک پہنچ گئی۔

ایوان وزیراعلیٰ سے وڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج رات 9 بجے سے منگل کی صبح 9 بجے تک مارکیٹیں، پارکس اور عوامی اجتماعات پر پابندی کا اعلان کیا۔دودھ، دہی کی دکانیں، مٹن، چکن شاپس، پٹرول پمپس، فارمیسی، بیکریز، فروٹ و سبزی منڈیاں اور شاپس کھلی رہیں گی۔ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے سروس جاری رہے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ کسی کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے۔ یہ اقدام لاک ڈاؤن نہیں بلکہ سماجی فاصلے پیدا کرنے کےلئے ہے۔تعلیمی ادارے بند کرنے پر پارکس، تفریحی مقامات اور مارکیٹوں وغیرہ میں رش بڑھنے کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ بند نہیں کی جا رہی تاہم عوام غیر ضروری طور پر سفر سے گریز کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا ایمرجنسی آرڈیننس منگل کو کابینہ کے اجلاس میں منظوری کےلئے پیش کیا جائےگا۔

چیف سیکرٹری اور وزیر خزانہ پنجاب منگل کو پراونشل کانٹی جینسی پلان کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔ کورونا کے علاج میں معاونت کےلئے چین سے ڈاکٹرز بھی آئیں گے۔

Read Comments