کوروناوائرس:بلاول بھٹوکی عوام سےگھروں میں رہنے کی اپیل

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2020 08:48am

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے  چیئرمین بلاول بھٹو نے کورونا وائرس کے باعث عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل  کرتےہوئے کہا کہ عوام حکومت کا ساتھ دیں ،  تعاون نہ کیا تو ساری محنت ضائع اور خدانخواستہ زیادہ لوگ مرسکتے ہیں،اگر آپ کو لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو ہم راشن پہنچائیں گے، حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں اور زندگی کا تحفظ کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی   بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ  حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، کرونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے،کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور  زندگی کے تحفظ کیلئے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لئے ہیں، لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں۔

بلاول بھٹو  نے مزیدکہا کہ 14 دن گھروں میں رہیں،  حکومت کا ساتھ دیں ،  تعاون نہ کیا تو ساری محنت ضائع اور خدانخواستہ زیادہ لوگ مرسکتے ہیں،اگر آپ کو لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں، راشن آپ کو پہنچایا جائے گا، حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں اور زندگی کا تحفظ کریں،یکجہتی سے سے اس وائرس کو شکست دی جا سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر  آپ بیمار ہوجاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جاسکے،  حکومت نے حکم دیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کرسکتا بلکہ اس دورانئے کی تنخواہ بھی دینا ہوگی اگر  فیصلے کو کوئی نہیں مان رہا تو حکومت سے رابطہ کریں۔

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے   مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ  اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کرونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، اگر آپ 14 دن کیلئے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہو تو ساری محنت ضائع ہو جائے گی۔

Read Comments