کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے لئے مالی امداد کی منظوری

شائع 24 مارچ 2020 04:45pm

 پنجاب کابینہ نےکرونا آرڈیننس کے تحت کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کے لئے 8لاکھ روپے مالی امداد کی منظوری دےدی۔محکمہ صحت کو 11ارب روپے، ڈویژنل سطح پر لیبز کے قیام کے لئے 62 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری کے ساتھ اسپتالوں میں مزید10ہزار ڈاکٹرز کی بھرتی کی منظوری دےدی۔لاک ڈاون کے احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 144 کےتحت کارروائی ہوگی۔

 وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کابینہ نے کرونا آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ آرڈیننس کے تحت کسی بھی شخص کو کرونا وائرس کی علامات پر گھر میں ایک مقررہ وقت تک رہنے کا پابند کیا جا سکے گا۔تاہم اسے بعد میں علاج کی غرض سے گھر سے سرکاری اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ حکم عدولی پر 10 سے 50 ہزار روپے جرمانہ یا چھ ماہ تک قید کی سزا دی جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کابینہ کی جانب سے کرونا وائرس کے سدباب کے لئے محکمہ صحت کےلئے11ارب روپے، پی ڈی ایم کے لئے دو ارب روپے جبکہ صوبہ بلوچستان کے لئے ایک ارب کے فنڈز کی منظوری دےدی ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے اسپتالوں میں مزید 10 ہزار ڈاکٹرز کی بھرتی کی بھی منظوری دیدی  جبکہ بلدیاتی انتخاب نو ماہ کے لئے موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 وزیراعلی کا کہنا تھاکہ لاک ڈاون کے احکامات کی خلاف ورزی پرانتظامیہ ایکشن لے گی۔دفعہ 144 کےتحت کارروائی ہوگی۔ کرونا وائرس کے معاملے پر پنجاب میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز سے رابطہ کیا جائے گا۔

Read Comments