عالمی تبلیغی مرکزبند، جماعتوں اور کارکنان کو رائے ونڈ آنے سے روک دیا گیا

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2020 05:17pm

عالمی تبلیغی مرکز کو بند کردیا گیا ہے اور ملک بھر میں پھیلی جماعتوں اور کارکنان کو حکومتی احکامات کے پیش نظر رائے ونڈ واپس آنے سے روک دیا گیا ہے۔ تشکیل شدہ جماعتیں اپنی اپنی مساجد میں ہی قیام کریں گی اور جماعتوں کو گشت سے بھی منع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تبلیغی اکابرین کی جانب سے عالمی تبلیغی مرکز کو بند کردیا گیا۔مرکز میں موجود ہزاروں افراد کو چند روز قبل واپس ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کردیا گیا تھا۔ فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے قبل 200 سے زائد غیر ملکی تبلیغی کارکنان اپنے اپنے ممالک کو واپس لوٹ گئے۔

تبلیغی اکابرین کے فیصلے کے مطابق اس وقت تبلیغی مرکز میں امیر جماعت مولانا نذر الرحمان اور انتظامیہ کے چند افراد موجود ہیں جو ایک جگہ پر اکھٹے نہیں ہونگے۔کورونا وائرس سے بچاؤ کےلئے مرکز میں اسپرے پہلے ہی کروادیا گیا تھا۔

مرکز میں موجود تمام شعبہ جات کو مکمل طور پر بند کردیا ہے اور تبلیغی مرکز کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

Read Comments