سپریم کورٹ:پولیس میں غیر قانونی بھرتیوںپر تحریری حکم نامہ جاری

شائع 11 مارچ 2016 05:02pm

کراچی:سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں اور تفتیشی فنڈز میں خرد برد پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا اور تحقیقات نیب کے حوالے کردیں۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو تحقیقات کی ہدایت کردی۔

سندھ پولیس میں غیرقانونی بھرتیوں اور کرپشن سے متعلق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دوسری بار سماعت ہوئی۔عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ دونوں معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں اور تفتیش کے بعد رپورٹ ایک ماہ میں عدالت کے سامنے پیش کی جائے۔عدالت میں اس حوالے سے آئی جی سندھ کے خلاف انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دونوں سنگین معاملات کے خلاف چیف سیکرٹری کو فوری انکوائری کی ہدایت کی۔قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ پولیس میں صرف نوہزار اہلکاربھرتی کرنے کی منظوری دی۔جبکہ بھرتی کوشفاف بنانے کے لیے ضلعی سطح پر سلیکشن کمیٹیاں بھی تشکیل دیں۔اسکے باوجود نوہزارسے زائد اہلکارکیسے بھرتی ہوگئے۔

انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طورپربھی معاملات کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔

Read Comments