Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کی مدد کا شکر ادا کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کو کورونا وائرس کیخلاف چین کے اقدامات سے سیکھنا ہوگا،چین کے طبی عملے کی پاکستان آمد حوصلہ افزا ہے ، ان کی آرا سے مستفید ہوں گے۔
انسداد کورونا میں پاکستان کی معاونت کیلئے چین کے سفیر ژاؤ جنگ کی قیادت میں چینی ماہرین نے این آئی ایچ کا دورہ کیا۔
پاکستان کے دورے پر آئی چینی ماہرین کو کورونا وبا ءکی صورتحال اور انسداد کورونا وائرس کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرصحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کیخلاف بروقت اور مؤثر اقدامات پر چینی حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف چینی حکومت کے اقدامات سے متاثر ہیں، بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو چین میں مزید نقصان ہوتا،دنیا کو کورونا وائرس کیخلاف چین کے اقدامات سے سیکھنا ہوگا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں چین سے کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں آیا، حکومت نے چین سے پاکستانی طلبہ کو واپس نہ لانے کا مشکل فیصلہ کیا، چین نے مشکلات کے باوجود پاکستان کا ساتھ دیا، چینی وفد اور امداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر چینی سفیر ژاو جنگ نے وبا کو پوری دنیا کیلئے چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری میں پہلی ترجیح ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام چینی تعاون سے جلد وباء پر قابو پا لیں گے۔
چینی صوبے سنکیانگ کے میڈیکل شعبے کے سربراہ نے بتایا کہ چین میں جب وباء پھوٹی تو پاکستان نے طبی امداد فراہم کی تھی، دونوں ممالک دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، چینی ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان میں کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گی۔