لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2386ہوگئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے کيسز کى تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 76 نئے کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2ہزار 291ہوگئی۔
نيشنل کمانڈ اينڈ کنٹرول سنٹر نے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئےجس کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے جہاں کوروناکےمریضوں کی تعداد922ہوگئی جبکہ سندھ میں761 افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے۔
خیبرپختونخومیں 276،بلوچستان میں 169،گلگت بلتستان میں187،اسلام آبادمیں 62اور آزاد کشمیر میں 9افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
کمانڈ اينڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں مزید 5 مریض زندگی کی بازی ہار گئے،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 2،2 اور سندھ میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی،جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد31 ہوگئی۔
پنجاب میں 11 ، سندھ میں 9،خیبرپختونخوا میں 8،گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک مریض کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔
کورونا وائرس سےمتاثرہ 9مریضوں کی حالت تشویشناک ہےجن کا علاج جاری ہےجبکہ اب تک 107 افرادصحت یاب ہوچکے ہیں۔
نيشنل کمانڈ اينڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ مُلک میں 28 فیصد مریض لوکل ٹرانسمیشن کا نتیجہ ہیں،اب تک کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 19015 ٹیسٹ کئے گےجبکہ ملک کے اسپتالوں میں 1016 مریض زیر علاج ہیں۔
پاکستان میں آج کے کیسز کی صورتحال
آج سندھ میں 34 اور خیبرپختونخوا 23 کیسز رپورٹ ہوئےجن کی تصدیق صوبائی حکومتوں کی جانب سے کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گلگت میں 3، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔
سندھ میں جمعے کو دن 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علماء متفق ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ اور پنجاب میں پہلے ہی باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔
البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے اور یہ کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتا چل جائے گا۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ معاشرے کے کسی طبقے کو عالمی وبا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، فوجی جوان پاکستان کے ہر کونے میں شہریوں تک پہنچیں تاکہ انہیں نہ صرف وبا سے تحفظ بلکہ مصیبت کی اس گھڑی میں تسلی بھی ملے۔
کورونا ریلیف فنڈز کیلئے1200 ارب کے ریلیف پیکیج کی منظوری
وفاقی کابینہ نے کورونا ریلیف فنڈز کیلئلے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دی ہے۔
امتحانات کے بغیر بچے پاس
کیمبرج اسکول سسٹم نے پرائیویٹ امیدواروں سمیت بچوں کو بغیر امتحان کےپاس کرنے کی پالیسی جاری کردی ہے، بچوں کوکلاس ورک، اسائنمنٹس اوراداروں کے امتحانات کومدنظررکھ کرگریڈنگ کی جائے گی جس کیلئے کیمبرج انتظامیہ نے اسکولزسے بچوں کا متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ۔
مزید چینی امداد پہنچ گئی
پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے مزید امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ طیارہ 52 ٹن امدادی سامان لے کر بیجنگ سے اسلام آباد پہنچا۔