بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ہندوتواایجنڈے کو فروغ دے رہا ہے،دفترخارجہ

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2020 03:32am

اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ہندوتواایجنڈے کو فروغ دے رہا ہے،پاکستان بھارت کی طرف سے کشمیرمیں ڈیموگرافک تبدیلی کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے ۔

ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے،پاکستان بھارتی حکومت کی غیرقانونی کوششوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور بھارتی اقدام کو مسترد کرتا ہے،جموں وکشمیر تشکیل نوآرڈر2020“ایک اورغیرقانونی بھارتی اقدام ہے،جس کا مقصد جموں وکشمیر کے ڈومیسائل قوانین کو تبدیل کرنا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ جموں وکشمیرتنظیم نوآرڈیننس بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہےاوریہ بین الاقوامی قانون اور چوتھے جینیوا کنونشن کی صریحا خلاف ورزی ہے، اس وقت بھارتی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے،اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری بھارتی اقدام کا فوری نوٹس  لے۔

عائشہ فاروقی نےمزید کہا کہ عالمی وبا کی آڑ میں بھارت کشمیر میں غیر کشمیریوں کی آبادکاری کررہا ہے ،کشمیری ایسے کسی بھی جبروتسلط کو قبول نہیں کریں گے ،جو ان کے بنیادی حقوق کو غصب کرے۔

 ترجمان نے کہا کہ دنیا کورونا وائرس کی عالمی وباءکے بحران سے لڑنے میں مصروف عمل ہے ،گزشتہ ہفتےکرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مطلوبہ طبی سامان چین سے منگوایا ہے مشکل کی اس گھڑی میں دوست ممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

 ترجمان دفترخارجہ نےمزید کہا کہ بیرونِ ممالک پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں ۔

Read Comments