امریکا میں کورونا وائرس سے تباہی،ایک دن میں 1159افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2020 10:28am

واشنگٹن :امریکا میں کورونا وائرس نے تباہی مچا دی، ایک دن میں 1159افراد ہلاک ہوگئے،ملک میں ہلاکتیں 6ہزار سے زائد ہوگئیں جبکہ 2لاکھ 45ہزار افراد متاثر ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے متاثرہ ملک میں سرفہرست ہےجہاں  صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی،ایک دن میں سب سے زیادہ  1159ہلاکتیں ہوچکی ہیں جو کہ کسی بھی ملک میں 24گھنٹوں کے دوران  سب سے بڑی تعداد ہے۔

نیویارک اس وقت امریکا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہےجہاں 1500افراد وائرس سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ نیویارک کے ہر شہری کو ماسک پہننے کی ہدایت کردی گئی۔

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکارف کو ماسک سے بہتر قرار دے دیا۔

دوسری جانب الاباما،ایریزونا، جارجیا، انڈیاناکنساس، مشی گن، نیومیکسیکو، اوکلاہوما، ورمونٹ اور ورجنیا میں  تعلیمی سال کے آخر تک اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔

بیروزگاری کی وجہ سے امداد کیلئے ریکارڈ 66لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ  مدد کیلئے خط لکھنے والے امریکی بحریہ کے کپتان کو فارغ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عوام تیار رہے، آئندہ 2ہفتے انتہائی خطرناک ہوں گے۔

Read Comments