پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3059ہوگئی

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2020 07:45pm

لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد 2880ہوگئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کيسز کى تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔24گھنٹےکےدوران کورونا کے 179کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد3059ہوگئی۔

حکومتی ویب سائٹ کی جانب سے جاری کیے گئے نئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائر س سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں مریضوں کی تعداد1319ہوگئی جبکہ سندھ میں881افراد کوروناوائرس کا شکار ہوئے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں 372،بلوچستان میں 189،گلگت بلتستان میں206،اسلام آباد78اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے14کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 45ہوگئی،سندھ میں 15، خیبرپختونخوا میں 14،پنجاب میں 12،گلگت بلتستان میں 3اور بلوچستان میں ایک مریض کورونا وائرس کے باعث انتقال  کرگیا۔

کورونا وائرس سےمتاثرہ 18مریضوں کی حالت تشویشناک ہےجن کا علاج جاری ہےجبکہ پاکستان میں کورونا کے 170مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کسی کو نہیں چھوڑتا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کی باتوں پر یقین نہ کریں اور کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدبیریں اپنائے رکھیں۔

لاہور میں کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو خبردار کیا کہ کورونا وائرس کسی کو نہیں چھوڑتا، لوگ سوشل میڈیا کی غلط باتوں پر دھیان نہ دیں۔لوگ پاگل پن کرکے اپنے آپ کومشکل میں نہ ڈالیں، اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا۔

پچیس اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

ملک بھر میں 14اپریل تک لاک ڈاؤن جاری

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔

مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے  جو  پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔

البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔

Read Comments