ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3505 ہوگئی

شائع 06 اپريل 2020 06:25pm

 

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 505 ہوگئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ پاکستان میں اب تک 51 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔

چوبیس گھنٹے میں تین سو ستانوے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 505 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں اب تک 1708  اور سندھ میں 881 اس سے متاثر ہیں ۔

خیبرپختونخوا میں 405 اور بلوچستان میں 202 مریض زیر علاج ہیں۔ گلگت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 82 اور آزاد کشمیر میں 16 افراد کورونا وائرس کا شکار ہیں۔

ملکبھر میں 259 افراد اس مرض سے اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 6 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 51 ہوگئی۔

 

کورونا وائرس کسی کو نہیں چھوڑتا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کی باتوں پر یقین نہ کریں اور کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدبیریں اپنائے رکھیں۔

لاہور میں خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو خبردار کیا کہ کورونا وائرس کسی کو نہیں چھوڑتا، لوگ سوشل میڈیا کی غلط باتوں پر دھیان نہ دیں۔لوگ پاگل پن کرکے اپنے آپ کومشکل میں نہ ڈالیں، اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا۔

پچیس  اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

ملک بھر میں 14اپریل تک لاک ڈاؤن جاری

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔

مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے  جو  پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔

البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔

Read Comments