نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 5 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 55ہوگئی۔
کورونا وائرس سے سندھ میں18،خیبرپختونخوا میں 17،پنجاب میں 15،گلگت بلتستان میں 3اور بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک ،ایک ہلاکت ہوئی۔
کورونا وائرس سےمتاثرہ 28مریضوں کی حالت تشویشناک ہےجن کا علاج جاری ہے۔
ملک بھر میں کورونا کے اب تک 429مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان میں اس وائرس کے 59 فیصد کیسز باہر سے آئے لوگوں کے ہیں۔
پچیس اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔
ملک بھر میں 14اپریل تک لاک ڈاؤن جاری
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔
مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔
البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔