'کابل میں دہشتگرد حملے سے پاکستان کوجوڑنے کی بھارتی کوشش شرانگیز ہے'

شائع 07 اپريل 2020 01:04pm

پاکستان نے بھارتی میڈیا میں شائع کابل گوردوارہ حملہ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں دہشتگرد حملے سے پاکستان کوجوڑنے کی بھارتی کوشش شرانگیز ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نےکہا ہےکہ ہم بھارتی میڈیا میں ان کی حکومت کے زیراثرشائع ہونے والی رپورٹ مسترد کرتے ہیں جس میں 25 مارچ 2020ءکو کابل میں گوردوارے پر ہونے والے دہشتگرد حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ قابل مذمت اور شرانگیز حرکت ہے۔ پاکستان نے گوردواے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

انہوں نے کہاعبادت گاہیں مقدس ہوتی ہیں اور ان کے تقدس واحترام کو ہر حال میں مقدم رکھاجاناچاہیئے۔ اس بہیمانہ جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیئے۔ دہشتگردی بشمول سرحد پار سے ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے طورپر پاکستان کی یہ پختہ سوچ ہے کہ دہشتگردی کی ایسے قابل نفرت کارروائیوں کا کوئی سیاسی، مذہبی اور اخلاقی جواز نہیں ہوسکتا

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا میں جان بوجھ کرپاکستان کوبدنام کرنا ہے۔ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔

Read Comments