Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک آٹا چینی بحران پر حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہو جائے گا،14 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم ہیں،ریلوے کے قلی بھی حکومت سے 12ہزار روپے لے سکیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی 20 سے 22 ٹرینیں فی الفور چلائی جائیں گی، محکمہ ریلوے کو ہر ماہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، کورونا وائرس سے بچاوَ کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے تمام اسٹیشنز پر قرنطینہ گیٹ بنائے ہیں، کیرج فیکٹری سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو چھٹی دے دی ہے تاہم ریلوے ملازمین کی تنخواہوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، مال بردار گاڑیاں باقاعدگی سے چل رہی ہیں۔
وزیرریلوے کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کی اہم شخصیت ہیں، ان کا انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بڑا عمل دخل ہے، میرا خیال ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان فاصلے نہیں بڑھیں گے، تھوڑی سی اونچ نیچ ہوئی ہے، کسی کو نکالا گیا ہے صرف ایڈجسٹ کیا گیا ہے،عمران خان کپتان ہیں انہوں نے صرف فیلڈنگ بدلی ہے۔
شیخ رشید نے جہانگیر ترین کو پی ٹی آئی سے وابستہ رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بات کرنے والوں نے اربوں روپے سبسڈی لی جن کا انہیں حساب دینا ہوگا،آٹا چینی کی رپورٹ اور فرانزک کو ایک ساتھ آنا چاہیے تھا،اس وقت میڈیا کورونا کو بھول کر چینی آٹے بحران کی رپورٹ پر لگ گیا ہے۔