Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی :سندھ بھر میں آج جمعہ کے روز دوپہر 12بجے سے ساڑھے3بجے تک مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے ،باہر نکلنے پر پابندی اورعوامی نقل وحرکت معطل ہیں جبکہ پابندی سے مستثنی کاروبار بھی بند ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سےکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن میں آج جمعہ کوساڑھے3 گھنٹے کیلئے مزید سختی کی گئی ہے، نماز جمعہ کے اجتماعات کو بھی محدود رکھا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دوپہر 12بجے سے سہ پہر ساڑھے 3بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک اورعوامی نقل وحرکت بھی محدود ہے۔
مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات بھی صرف پیش امام،موذن اور خدام سمیت 5افراد تک محدود ہیں۔
دن کے 12 بجتے ہی شہر بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مزید سخت کر دیا گیا، بڑے بازار تو ویسے ہی بند ہیں، گلی محلوں کی دکانوں پر بھی تالے لگ گئے۔
لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو بھی گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے، جمعے کے روز اس لاک ڈاؤن کا دورانیہ 12 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک ہے جبکہ ساڑھے 3 بجے کے بعد شام ساڑھے 6 بجے تک دکانیں کھولنے اور خرید و فروخت کی اجازت ہوگی۔
حکومتی احکامات کی روشنی میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں 3 سے 5 افراد کو شرکت کی اجازت ہے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی روکنے کیلئے جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور گھر میں ہی نماز کی ادائیگی کریں۔
شاہراہوں پر لگے ناکوں پر پولیس، رینجرز اور پاک آرمی کے جوانوں کی نفری تعینات ہے، پولیس اور رینجرز اہلکار موٹر سائیکلوں پر بھی شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں۔