“بلاول کا بیان قومی یکجہتی کی فضا پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے”

اپ ڈیٹ 12 اپريل 2020 08:27am

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاست چمکانے کا وقت نہیں، بلاول بھٹو کا بیان قومی یکجہتی کی فضا پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا بیان کورو نا کیخلاف  جنگ میں قومی یکجہتی کی فضا پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے، سب جانتے ہیں کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی میں فیصلے مشاورت سے طے پاتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اس کمیٹی کے رکن ہیں، سندھ کے عوام پاکستان کے شہری ہیں،وزیراعظم عمران خان تمام اکائیوں میں بسنے والے پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں۔

معاون خصوصی نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب! شعبہ صحت 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے دائرہ اختیار میں ہے،گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے سندھ میں آپ کی حکومت قائم ہے،یہ سیاست چمکانے کا وقت نہیں، متحد ہوکر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس کو شکست دینا ہے۔

Read Comments