سندھ میں مزید 93 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق،تعداد1411ہوگئی

اپ ڈیٹ 12 اپريل 2020 10:27am

کراچی :سندھ میں مزید 93 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ افراد کی تعداد 1411ہوگئی جبکہ 2کورونا مریض زندگی کی جنگ ہار گئے۔

اپنے یومیہ پیغام میں وزیر اعلی مراد علی شاہ نے بتایا کہ ابھی تک 13309ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے 1411مثبت  آئےہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید   2 مریض  انتقال کرگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 30 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 مریض صحتیاب ہوکر گھر جا چکے ہیں۔

اب تک 389 مریض  صحتیاب ہوچکے ہیں اور کورونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کا تناسب 28 فیصد ہےماس وقت 645 مریض گھروں میں آئسولیشن میں ہیں،71 مریضوں  کی عمریں 1تا10 سال،118 مریضوں کی 11تا20 سال ہے،311 مریضوں کی عمریں 21 تا30 سال  اور 260 مریضوں کی31 تا40 سال ہے ،196 مریضوں کی عمریں 41 تا50 سال اور 226 مریضوں کی عمریں 51 تا60 سال ہے، 152 مریضوں کی عمریں 61 تا70 سال اور 47 مریضوں کی عمریں 71تا80 سال ہے  جبکہ 5 مریضوں کی عمریں 81 تا 90 سال کے درمیان ہے۔

 مراد علی شاہ نے کہا کہ انفیکشن سے متاثرہ  لوگوں کی عمریں بتا رہی ہے کہ  کوئی بھی  وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے، وائرس سے متاثرہ  مریضوں میں 68.3 فیصد مرد جبکہ 31.7 فیصد خواتین ہیں، صاف ظاہر ہے کہ کورونا سے مرد زیادہ متاثرہورہے ہیں  کیوں کہ وہ باہر گھوم رہے ہیں، مرد  کورونا وائرس  باہر سے  گھر لے جاتے ہیں اور خواتین کو متاثر کرتے ہیں۔

 وزیر اعلی سندھ نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ اپنا ، اپنے بچوں ، خاندان ، دوستوں اور تمام شہریوں کی  حفاظت آپ لوگوں کے ہاتھ میں ہے، احتیاط کریں گے تو سب  محفوظ رہیں گے۔

Read Comments