پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6383 ہوگئی

شائع 15 اپريل 2020 05:59pm

لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد 6383 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےکوروناوائرس سے متاثرہ افرادکے نئے اعداد وشمارجاری کردیئے۔

ملک میں کورونا وائرس کےکیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، گزشہ 24گھنٹےکےدوران کورونا کےمزید 395 کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناکےمریضوں کی تعداد 6 ہزار 383 ہوگئی۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج 15اپریل  بروز منگل کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان میں آج کورونا کے مزید 395 مریض سامنے آئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3143 ہوگئی جبکہ سندھ میں 1668 افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں 912 ،بلوچستان میں 240،گلگت بلتستان میں234،اسلام آباد میں 140 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے46کیسز سامنے آچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں  کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 4 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 111 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 38 اموات ہوئیں،سندھ  میں35،پنجاب میں28 ،گلگت بلتستان میں 3اور بلوچستان میں 2اوراسلام آباد میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1446 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم مختلف اسپتال میں زیر علاج 44 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3280افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 73ہزار 439افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

مقامی سطح پر کورونا وائرس کے 55 فیصد کیسز رپورٹ ہوئےاوربیرون ملک سے آنے والے کیسز کی تعداد 45 فیصد ہے۔

ملک کی سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 چودہ اپریل کے بعد بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ اعلان آج ہوگا

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ہے جس میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا باضاطبہ اعلان آج کیا جائے گا۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع

حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

پچیس  اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

Read Comments