Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے مزید2ہفتے لاک ڈاؤن کے فیصلے کے بعدپنجاب حکومت نے بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کردی ،جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،لاک ڈاؤن میں 25 اپریل رات 12 بجے تک توسیع ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکٹریشن،پلمبر، ترکھان اور درزی لاک ڈاون میں کاروبار کرسکیں گے،رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی ڈیلرز کو بھی لاک ڈاون سے استثنیٰ حاصل ہو گاجبکہ بک شاپس اور اسٹیشنری سے تعلق رکھنے والے شعبے کو بھی لاک ڈاون میں رعایت دے دی گئی۔
ویٹنری سروسز، پیپر اینڈ پیکجنگ انڈسٹری بھی کاروبار کرسکے گی،لاک ڈاؤن میں سیمنٹ مینو فیکچرنگ پلانٹس اور ان کی سپلائی کو استثنیٰ ہو گا،ٹرانسفارمر مینو فیکچرنگ انڈسٹری کو بھی کھلا رکھنے کی اجازت دے دی جبکہ کم خطرے والی12 انڈسٹریز کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق،کیمیکل انڈسٹری، ٹیکنالوجی ہارڈ وئیر،آئی ٹی کمپنیز کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ ہو گا ،تعمیراتی صنعت کو بھی لاک ڈاون سے مرحلہ وار استثنا حاصل ہو گا، اس کے علاوہ تعمیری صنعت کیلئے گرے اسٹرکچر کی حامل انڈسٹری کو کھلنے کی اجازت ہوگی جبکہ بجری، اینٹوں، سیمنٹ اور گرے اسٹرکچر کے حامل کاروبار کو بھی ایس او پیز کے ساتھ اجازت ہے۔
انجینئرز اور آرکیٹیکٹ، معدنیات اور کان کنی، روڈ سیکٹر کو بھی لاک ڈاؤن میں رعایت دے دی گئی جبکہ پنجاب میں تمام مارکٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور دفاتر بند رہیں گے،صوبوں اور شہروں کے درمیان بس سروس معطل رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، پنجاب میں سماجی، مذہبی سمیت ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہو گی، کھیلوں کے میلے، تقریبات،جم اور اسنوکر کلب بند رہیں گے، پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، شادی ہال بھی بند رہیں گے اور گھروں میں تقریبات پر پابندی ہو گی، پنجاب میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔