اسلام آباد:وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھی جائے،گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر سید فخر امام کی ملاقات ہوئی،ملاقات میں گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام اورٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی گئی اور آئندہ برس گندم کی معیاری پیداوار کے حصول کیلئے بہتر بیج کے استعمال کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
فخر امام نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر وزیراعظم عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت اسمگلنگ خصوصاًگندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی اسمگلنگ کی مؤثر روک تھام کیلئے پرعزم ہے،ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے تدارک کیلئے آرڈیننس متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ایسی کارروائیوں میں ملوث عناصر کیخلاف سخت قانون کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ماہ رمضان کے پیش نظر گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کے کسی حصے میں خوراک کی کمی درپیش نہ ہو،ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا،موجودہ حکومت زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی اور جدید طریقوں کے فروغ کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم سے وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جن صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ان کیلئے جامع ایس او پیز بھی صوبوں کے ساتھ شئیر کیے ہیں تاکہ کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام خصوصاً کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشش کر رہے ہیں، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام غریب عوام کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔