کراچی :سندھ بھر میں آج جمعے کے روز لاک ڈاؤن 3گھنٹے کیلئےمزید سخت کردیا گیا،دوپہر 12بجے سے 3 بجےتک تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ غیر ضروری سفر کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی برقرار ہے جبکہ سندھ میں آج جمعہ 17 اپریل کے اجتماعات گزشتہ جمعہ کی طرح ہی محدود کردیئے گئے۔
اعلیٰ افسران کی قیادت میں سڑکوں پر پولیس کا گشت جاری ہے اور جگہ جگہ ناکہ بندی ہے، لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ دکانوں کو بھی بند کروادیا گیا ہے،مساجد اور مدارس میں جمعے کے اجتماعات پر پابندی ہے اور باہر فوج، رینجرز اور پولیس کے جوان تعینات ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی کہ وہ جمعہ کے دن دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی منیب الرحمان کی زیر قیادت علماءکے وفد سے ملاقات اور ان کو اعتماد میں لیا۔
علماء نے بھی وزیراعلی سندھ کو یقین دلایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ان کی کاوشوں میں مکمل تعاون کریں گے،علماء کے وفد ميں مفتی منيب، مفتی عابد، مفتی رفيع رحمان وديگر شامل تھے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر مذہبی امور ناصر شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کوروناوائرس پر قابو پانے کیلئے غیر مشروط تعاون پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں جمعے کو 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا،کل وزیراعظم سے اجلاس میں مساجد سے متعلق گفتگو ہوگی،وزیر اعظم علمائے کرام سے مشاورت کرکے ایس او پیز بنائیں گے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ جمعہ کو بھی تمام حضرات گھروں ميں ہی نماز ادا کريں، مساجد ميں صرف متعين افرادہی نمازجمعہ ادا کرسکيں گے، پوليس سے کہہ ديا ہےکہ مساجد ميں سختی نہ کريں۔
مفتی منيب الرحمان نے کہا ہے کہ عوام سے اپيل کرتا ہوں کہ وہ حسبِ معمول تعاون کريں تا کہ کل جمعہ کا دن خيريت سے گزر جائے، ہم نہيں چاہتے کہ کوئی ناخوش گوار واقعہ پيش آئے۔
مفتی منيب الرحمان نے مزید کہا کہ ہفتے کو اجلاس ہوگا، اُس ميں کوئی مسئلہ پيدا نہ ہو، اجلاس ميں خير، عافيت اور سلامتی کی بات ہوگی۔