لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد 7638 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرنے کوروناوائرس سےمتاثرہ افراد کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔
ملک میں کورونا وائرس کےکیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران مزید 157 کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناکےمریضوں کی تعداد 7638 ہوگئی۔
آج کے کیسز کی صورتحال
آج18اپریل بروز ہفتے کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک میں آج کورونا کے 5663 ایکٹیو کیسزموجود ہیں جبکہ 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائر س سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3401 ہوگئی جبکہ سندھ میں 2355 افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں 1077،بلوچستان میں 335،گلگت بلتستان میں250،اسلام آباد میں163 اورآزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے48کیسز سامنے آچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 8مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد143ہوگئی۔
کورونا وائرس سے خیبرپختونخوامیں 50، سندھ میں 47 اموات ہوئیں اس کے علاوہ پنجاب میں 37، بلوچستان میں 5،گلگت بلتستان میں 3جبکہ اسلام آباد میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا سےصحتیاب ہونےوالےمریضوں کی تعداد1832ہوگئی تاہم مختلف اسپتال میں زیر علاج 39 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6416افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئےجبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 84ہزار 704افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے60 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئےجبکہ 40 فیصد کیسز بیرون ملک سے آئے۔
ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔
تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت
سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حجام اور کپڑے والوں کو دکانیں کھولنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جب کہ ڈبل سواری پر صرف خاتون کے ساتھ اجازت ہوگی اور 3 سے 4 بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیرون ملک سے والے پاکستانی 7 دن ہوٹل میں رہیں گے
وفاقی حکومت نے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی ہے جس کے تحت بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی اب ایئرپورٹ سے فوری ہوٹل منتقل کئے جائیں گے جہاں انہیں 48 گھنٹے کے بجائے اب 7 روز تک ہوٹل میں رہنا ہوگا۔
پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے ملک کے 6 بڑے ائیرپورٹس کھول دیئے گئے
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کے مطابق ان ایئرپورٹس کو 15 سے 18 اپریل تک بیرون ممالک پاکستانیوں کو لانے کیلئے کھولا گیا ہے جن پر صرف بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع
وفاقی حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔
ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔
پچیس اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
وفاقی حکومت کا کہنا ہے 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔