Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اور تکالیف کا مکمل ادراک ہے،حکومت بیرونی ممالک میں واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم "ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا دورہ کیا اور یونٹ میں موصول ہونے والی کالز، شکایات اور ان کے ازالے کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ سلمان اطہر نے کورونا وبا ءکے دوران مختلف ممالک میں واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 11 ہزار 529 پاکستانیوں کو بیرونی ممالک سے وطن واپس لایا جا چکا ہے جبکہ واپسی کے منتظر رجسٹرڈ پاکستانیوں کی تعداد 62 ہزار709 ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اور تکالیف کا مکمل ادراک ہے ،ان کی مرحلہ وار، جلد وطن واپسی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔