ملک کی ترقی کیلئے کرپشن کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا،سراج الحق

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2016 03:05pm

لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نیب کے ہاتھ پاوٴں کاٹ کر اسے مردہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف کراچی میں ملین مارچ کرنے اور لاہور میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ لاہور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ وہ قومی اسمبلی میں کرپشن کے خلاف بل لارہے ہیں۔جو منظور نہ کیا گیا تو آئین کے تحت حق استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کا طریقہ کار درست نہیں ہے۔دو جماعتیں مک مکا کر کے تعیناتی کرتی ہیں، پنجاب کوئی جزیرہ نہیں۔نیب کو کراچی کی طرح لاہور میں بھی کارروائی کا اختیار ہے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ مصطفٰی کمال نے جو جھنڈا دکھایا ہے اسکے ساتھ اگر ڈنڈا ہے تو وہ انکا نہیں اور بغیر ڈنڈے کے جھنڈا ہم سب کا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے کرپشن کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔کسی حکومت کو گرانا نہیں چاہتے،کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی تیرہ مارچ کو کراچی میں ملین مارچ اور آٹھ اپریل کو لاہور میں دھرنا دے گی۔

Read Comments