Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج کا دن مزدوروں کی عزت اوروقار کا تقاضا کرتا ہے،حکومت مزدوروں کامعیارزندگی بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، ملک کی معاشی ترقی میں مزدوروں کی اہمیت کوتسلیم کرناہوگا۔
پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج مزدوروں کاعالمی دن (لیبر ڈے)منایاجارہاہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزدوروں کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاکہ یکم مئی ہمیں ان مزدوروں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کیلئے جانیں قربان کیں ،یہ دن مزدوروں کے تقدس اوروقار کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں ان کے کلیدی کردارکی اہمیت بھی یاد دلاتا ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت مزدوروں کیلئے کام کے ماحول اور ان کی زندگی کے معیارکو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے،ملک کی معاشی ترقی میں مزدوروں کی اہمیت کوتسلیم کرناہوگا، موجودہ حکومت محنت کشوں کی حوصلہ افزائی اورہرممکن سہولیات دینے پر یقین رکھتی ہے جدید نظام کے تحت مزدوروں کوریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ دین ہمیں سماجی انصاف اورانسانوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ خندق اوردیگراہم واقعات میں خود کام کرکے محنت کرنے والوں کوعزت دی تھی ،محنت کشوں کےحقوق کوتسلیم کرناملکی ترقی کیلئےاہم ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ کورونا کی صورتحال میں سب سے زیادہ دیہاڑی دارطبقہ اور مزدور متاثرہوا ہے جن کیلئے حکومت نے 200 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے ،اللہ ہمیں ملک کی بہتری اورمزدوروں کی خوشحالی کیلئےبہترین کام کرنےکی توفیق دے۔