Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی :سندھ بھر میں آج جمعے کو دوپہر12بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا،کارباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی اور نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے۔
سندھ میں لاک ڈاؤن کا آج 40واں روز ہے،شہریوں کو کورونا سے بچانے کیلئے سندھ حکومت سرگرم ہے ،اس حوالے سے صوبے بھر میں آج دن 12بجے سے سہ پہر 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، اس دوران کسی کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق اس دوران وہ کاروبار بھی بند رہیں گے جنہیں استثنیٰ دیا گیا ہے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو محدود رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور مساجد میں زیادہ سے زیادہ صرف 5 افراد نمازِ جمعہ ادا کرسکیں گے اور خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا جبکہ باقی لوگ گھروں میں نماز ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔
لاک ڈاؤن کے دوران 3گھنٹے کیلے تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل بند رہیں گی اور عوام کی نقل وحرکت پرمکمل پابندی ہوگی جبکہ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
کراچی سمیت سندھ بھر کی تمام مارکیٹس، دکانیں، اسٹورز اور کھانے پینے کے ٹھیلے بند رہیں گے اور ہر قسم کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔
انتظامیہ کا کہناہےکہ سخت لاک ڈاون کے دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے،بلا ضرورت گھر سے نکلنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔
سندھ حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ داخلہ کی ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں۔