Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر اشتعال انگیزی پر پاکستان نے بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
بھارتی قابض افواج کی جانب سے ایل اوسی پرجنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کی گئیں ،پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کودفترخارجہ طلب کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سینئربھارتی سفارتکار کوطلب کرکے ایل اوسی پرسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی پرسخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ4 مئی کو ایل او سی کے بگسر سیکٹر پر بھارتی افواج کی فائرنگ سے 6 شہری زخمی ہوئے، ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 45 سالہ وحید،55 سالہ ناظمہ بی بی، 12 سالہ عقیل، 50 سالہ زرینہ بیگم اور 30 سالہ شاہین بیگم شدید زخمی ہوئیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ رواں برس بھارت اب تک جنگ بندی کی 957 مرتبہ خلاف ورزیاں کر چکا ہے، بھارتی فورسز ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا 2003 کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے ،نہتے شہریوں کو بے گناہ نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے ، اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو ایل او سی کی معائنے کی اجازت دی جائے ۔