پاکستان میں مزید 501 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ،تعداد 22ہزار 550ہوگئی

اپ ڈیٹ 06 مئ 2020 03:11pm

لاہور،کراچی:پاکستان میں مزید 501 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ،جس کے بعد کوروناکیسز کی تعداد22ہزار550ہوگئی جبکہ526افراد جاں بحق ہوئے۔

نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرنے کوروناوائرس سےمتاثرہ افراد کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیئے۔

ملک میں کورونا وائرس کےکیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران مزید1049 کیسز  رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناکےمریضوں کی تعداد22ہزار 550ہوگئی۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج 6مئی بروز منگل کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے،ملک میں آج کورونا کے مزید501مریض سامنے آئےجبکہ 12ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب میں 287،بلوچستان میں 174،اسلام آباد میں 21،گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے5کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ پنجاب میں 12مریض کورونا وائرس کے باعث جان سے گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائر س سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد8ہزار420ہوگئی جبکہ سندھ میں 8ہزار 189افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے۔

               اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں3ہزار499،بلوچستان میں 1ہزار495،گلگت بلتستان میں386،اسلام آباد میں485اورآزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے76کیسز سامنے آچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید40مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد526ہوگئی۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں،جہاں194افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس کے علاوہ سندھ میں 148،پنجاب میں 156، بلوچستان میں21،اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان  میں 3مریض مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن  سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا سےمتاثرہ 15ہزار807مریض زیرعلاج  ہےجبکہ پاکستان میں کورونا سے اب تک 6ہزار 217افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 10 ہزار 178کورنا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1049افراد میں کورونا وائرس پایا گیاجبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 2 لاکھ 32ہزار 582افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

سندھ میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رکھنے کا اعلان

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کو پورے رمضان میں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

 اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان تک جاری رکھا جائے گا، 23 اپریل کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو ہی توسیع دی گئی ہے۔

بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک توسیع کردی

بلوچستان حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلا ؤ کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک مزید 15 روز کی توسیع کردی۔

ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز کی بندش میں 7 مئی تک توسیع

ملک بھرکے ایئرپورٹس سے علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں 7 مئی تک توسیع کردی گئی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پابندی کے دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ۔

Read Comments