'پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے'

شائع 11 مئ 2020 05:05pm

وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ کی پیشرفت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیاں فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈیموں کی تعمیر سے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت اسلام آباد میں قومی واٹر سیکیورٹی اسٹریٹجی اور ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس ہواجس میں پانی کے بچاؤ کی قومی حکمت عملی، زراعت اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کےلئے ڈیمز کی تعمیر پربریفنگ دی گئی۔

بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق زیر التوا امور کے حل پربریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کوبتایا گیا کہ دیامربھاشا ڈیم منصوبہ متعدد وجوہات کی بنا پرکئی دہائیوں سے تعطل کا شکاررہا۔ڈیم کی تعمیر سے 16500 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ سیمنٹ اوراسٹیل کے بھاری مقدارمیں استعمال سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے ڈیم پراب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا اورڈیم کی تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے ذخائرکومحفوظ بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈیموں کی تعمیر سے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے ہدایات کی کہ تعمیراتی کام کے دوران مقامی مواد اور مہارت کے استعمال کو ترجیح دی جائے اس سے تعمیرات اوراس سے وابستہ صنعتوں کے فروغ میں مدد مل سکے گی۔

Read Comments