فیاض الحسن چوہان کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 17 مئ 2020 09:44am

لاہور:وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل )میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔

صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کااپنے ایک بیان میں  کہنا تھا کہ شہباز شریف کیخلاف نیب تحقیقات میں انکشافات کی بنیاد پر انکا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے،شہباز شریف نے حقیقی معنوں میں کرپشن اور ٹی ٹی کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس نیب تحقیقات اور شہزاد اکبر صاحب کے سوالات کا کوئی جواب نہیں،ن لیگی تیس مار خاں اپنے آقاؤں پر کرپشن الزامات کے جواب میں بغلیں جھانک رہے ہیں،امید نہیں مسرور انور، خان اینڈ نثار ٹریڈنگ سے ہونے والے ٹرانزیکشنز کا جواب دیں گے۔

وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ احتساب کی باری آتے ہی ملک کا اپوزیشن لیڈر بھیگی بلی بن گیا ہے،شریف خاندان نے کرپشن، منی لانڈرنگ کی الگ دنیا بنائی ہوئی تھی۔

فیاض الحسن چوہان نے مزیدکہا کہ کرپشن کی یہ دنیا ذاتی ملازمین، جعلی کمپنیوں اور سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال پر مشتمل تھی ، شہباز شریف کو ملنے والی کک بیکس کا مکمل ٹریل موجود ہے،وزیرِ اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے، کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔

Read Comments