ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے ریسلر بننے کے لیے سخت ٹریننگ شروع کردی ہے انوشکا سلمان خان کے ساتھ فلم سلطان میں مرکزی کردار ادا کریں گیں۔ شاہ رخ کی فلم رئیس اور سلمان کی فلم سلطان ایک ہی دن ریلیز ہونے کو تیار ہیں۔
بالی ووڈ فلم رب نے بنادی جوڑی سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ انوشکا شرما اب ریسلر کے روپ میں جلوہ گر ہورہی ہیں، فلم سلطان میں ریسلر کے کردار میں حقیقی رنگ بھرنے کے لیے اداکارہ نے باقاعدہ ٹریننگ لی ہے۔
انوشکا شرما نے چھ ہفتوں پر مشتمل سخت ٹریننگ مکمل کرلی ہے اور باقاعدہ ماہرین کی زیر نگرانی مختلف داوٴ پیچ بھی سیکھ لیے ہیں۔فلم سلطان میں انوشکا کے ساتھ مد مقابل سلمان خان بھی ریسلر کے کردار میں ڈھلنے کے لیے کافی محنت کررہے ہیں۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں انوشکا پہلی بار دبنگ خان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔ فلم سلطان رواں سال عید پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔