پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی سروسز کیلئے ایس او پیز جاری

اپ ڈیٹ 18 مئ 2020 09:05am

لاہور:پنجاب حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی سروسز کیلئے ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں۔

 پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی سروسز کیلئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے،محکمہ ٹراسپورٹ کی جانب سے بسوں کے مسافروں میں 3فٹ کا فیصلہ رکھنے جبکہ مسافروں اور عملے کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اے سی بسوں کے کرائے میں 20 فیصد جبکہ نان اے سی بسوں کے کرائے میں 78 سے 93 پیسے فی کلومیٹر کمی کی جائے گی،2دروازوں والی بس میں پچھلا دروازہ چڑھنے اور اگلا دروازہ اترنے کیلئے استعمال ہوگا،ایک دروازے والی بس میں مسافروں کو پہلے اترنے کیلئے کہا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق،65 سال سے زائد عمر کے مسافر کے ساتھ کی سیٹ خالی رکھی جائے گی جبکہ ہر سفر کے بعد بس میں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا،بسوں کے شیشے ہوا کے گزر کیلئے کھلے رکھے جائیں۔

 نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر بس میں ہینڈ سینی ٹائزر اور تھرمل گن ضرور رکھی جائے گی اور بخار یا کورونا کی علامات رکھنے والے مسافر کو سفر کی اجازت نہیں ہو گی،تمام مسافروں اور بس کے عملے کیلئے ماسک اور دستانے پہننا لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکسی سروسز کو بھی جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، ٹیکسی میں زیادہ سے زیادہ تین مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

Read Comments