جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ، سینئر بھارتی سفارتکار دفترخارجہ طلب

اپ ڈیٹ 18 مئ 2020 09:37am

بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری  ہیں ،پاکستان نے کھوئی رٹہ سیکٹر مین بھارتی فائرنگ پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 17 مئی کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے  37 سالہ محمد شفیع شدید زخمی ہوا،ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رواں برس بھارت اب تک جنگ بندی کی 1081 مرتبہ خلاف ورزیاں کر چکا ہے،بھارتی فورسز مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

 دفتر خارجہ نے بھارت سے یو این سیکورٹی کونسل  کی قرار دادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

Read Comments