بلوچستان :دہشتگردی کے 2 واقعات میں ایف سی کے 7اہلکار شہید

اپ ڈیٹ 19 مئ 2020 09:19am

راولپنڈی :بلوچستان میں دہشتگردی کے 2واقعات میں ایف سی کے 7اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے 2 واقعات مچھ اور کیچ کے علاقے میں پیش آئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بولان کی تحصیل مچھ میں گزشتہ رات دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکاکیا جس کے نتیجے میں جونیئر کمیشنڈ آفسیراورسول ڈرائیورسمیت 6اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کی گاڑی رات معمول کے گشت کے بعد اپنے بیس کیمپ واپس جارہی تھی کہ راستے میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے اسے نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء میں نائب صوبیدار احسان اللہ،نائیک زبیر،نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش،نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبارشامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور واقعے میں کیچ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اوردہشتگردوں میں فائرنگ کاتبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکارسپاہی امداد علی نےجام شہادت نوش کیا۔

Read Comments