ملک بھر میں 55 روز کی بندش کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت شروع

اپ ڈیٹ 20 مئ 2020 09:31am

اسلام آباد،کراچی،لاہور:ملک بھر میں 55 روز کی بندش کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ،راولپنڈی سے پہلی ٹرین کراچی اور دوسری ٹرین لاہور روانہ کیلئے ہوئی۔

حکومت کی جانب سے 2روز قبل ملک بھر میں پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں ٹرین سروس کو شروع کرنے کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید نے 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

شیخ کا کہنا تھا کہ 31 مئی تک 30 ٹرینیں چلائیں گے اور اگر حالات ٹھیک رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں چلا دیں گے۔

پاکستان ریلویز نےملک بھر میں آج سے 30 ٹرینوں پر مشتمل  محدود ٹرین آپریشن کا آغاز کر دیا ، آج سے جزوی طور پر شروع کئے جانے والے ٹرین آپریشن میں  15اپ اور15ڈاون ٹرینیں شامل ہیں۔

لاہور سے پہلی ریل کار 105مسافروں کے ساتھ راولپنڈی کیلئے  صبح ساڑے 7بجے روانہ ہوئی جبکہ راولپنڈی سے کراچی کیلئے پاکستان ایکسپریس صبح 6 بجے 393مسافروں کو لے کر کراچی کیلئے روانہ ہوئی ۔

پاکستان ایکسپریس میں بکنگ کرانے والوں میں  45فیصد مسافر راولپنڈی سے کراچی روانہ ہوئے ہیں۔

راولپنڈی سے دوسری ٹرین سبک رفتار لاہور روانہ ہوئی، جس میں 220مسافروں کی گنجائش ہے ،مسافروں کو ٹرین میں سماجی فاصلے کے ساتھ بٹھایا گیا۔

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر مسافر بوگیوں کے اندر جراثیم کش اسپرے اور بوگیوں کی صفائی اوردھلائی کی ۔

مسافروں کو ماسک پہننے ، سینیٹائزر، دستانے اور صابن اپنے ہمراہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،  ٹرین سروس بحال ہونے پر مسافر خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

کراچی  سے بھی تقریبا 2ماہ بعد ٹرین سروس بحال  ہوگئی ہے عوامی ایکسپریس 600مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئی۔

 ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین  میں مسافروں کی گنجائش زیادہ ہے لیکن  ایس او پی پر عمل کرتے ہوئے کم مسافروں کو  روانہ کیا گیا ہے ۔

دوسری جانب ملک میں15اپ اور 15 ڈاوَن ٹرینیں چلائی جارہی ہیں ،جن میں سے آج کراچی سے مجموعی طور پر 9 ٹرینیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔

کراچی سے راولپنڈی کیلئے پاکستان ایکسپریس دوپہرایک بجے،سیالکوٹ کیلئے علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر2بجے،لاہور کیلئے قراقرم ایکسپریس دوپہر3بجے جبکہ لاہور کیلئے پاک بزنس شام چار بجےروانہ ہوگی۔

اس کے علاوہ کراچی سےلالہ موسیٰ کیلئے ملت ایکسپریس شام 5بجے،راولپنڈی کیلئے تیزگام شام 6بجے ،لاہور کیلئے شاہ حسین ایکسپریس شام 7بجے،اسلام آبادکیلئے گرین لائن رات 9بجے،جیکب آبادکیلئے سکھرایکسپریس رات 9بجکر40منٹ  اور پشاور کیلئے خیبر میل رات 11بجے روانہ ہوگی۔

ریلویز حکام کے مطابق ان ٹرینوں کی بحالی کا مقصد لوگوں کو عید کے موقع پر سہولت مہیا کرنا ہے۔

محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری کئے گئے ایس او پیز کے مطابق ٹرینوں میں 40 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی،ٹرینوں کی بکنگ صرف آن لائن یا ای ٹکٹنگ کےذریعےہوگی،مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن کے اندر داخلے کی اجازت ہوگی، مسافروں کی فیملی ان کو چھوڑنے نہیں آسکے گی۔

ریلوے اسٹیشن سے 200میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کیلئے بند ہوگا، دوران سفر تمام مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا جبکہ مختلف اسٹیشنوں پر سینیٹائزر واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے۔

ٹرین کے اسٹاپ والے اسٹیشنوں پر میڈیکل آفیسر اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے سٹاف تعینات ہوگا۔

حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزی پر مسافر کو 500روپے جرمانہ ہوگا، دوسری بار خلاف ورزی پر ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا جبکہ تیسری بار خلاف ورزی ہوئی تو مسافر کو ٹرین سے اتار دیا جائے گا۔

محکمہ ریلوے کی جانب سے مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ مسافر ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھیں،ماسک، دستانے، سینیٹائزر اور صابن ہمراہ رکھیں،انتہائی ایمرجنسی میں اور کم سے کم افراد کے ساتھ سفر کریں۔

Read Comments