شہباز تاثیر کو ازبک گروپ نے اغوا کیا ،مولانا سمیع

شائع 13 مارچ 2016 06:07pm

لاہور :جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے واضح کیا ہے کہ شہباز تاثیر کو ازبک گروپ نے اغواءکیا تھا۔ طالبان نے انہیں رہائی دلوا کر باحفاظت پاکستان پہنچایا۔ تحفظ نسواں ایکٹ پر حکمرانوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور تاثیر فیملی نے علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کی بازیابی کیلئے ان سے کءبار رابطہ کیا۔ طالبان گروپوں سے معلومات پر واضح ہوا کہ دونوں کو افغان طالبان نے اغواءنہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان طالباں نے ازبک گروپ سے بازیاب کرا کر شہباز تاثیر کو کوئٹہ پہنچایا اور مزید سفری اخراجات کیلئے پندرہ ہزار روپے بھی دیئے۔

مولانا سمیع الحق نے پنجاب اسمبلی سے منظور کردہ تحفظ نسواں ایکٹ کو خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس ایکٹ کو فوری طور پر واپس لے۔جمیعت علماءاسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں امن کی بحالی پر تمام مکاتب فکر کے علماءمتفق ہیں لیکن نیشنل ایکشن پلان کے تحت دینی مدارس کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

Read Comments